25 اکتوبر، 2026، 5:05 PM

ایرانی قوم امریکہ کی دھمکیوں سے مرعوب نہیں ہوگی، قالیباف

ایرانی قوم امریکہ کی دھمکیوں سے مرعوب نہیں ہوگی، قالیباف

ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر نے کہا کہ ایرانی قوم امریکہ کی فوجی دھمکیوں اور دباؤ کے سامنے تسلیم نہیں ہوگی۔ جب تک امریکہ اپنا طرزِ عمل تبدیل نہیں کرتا، اپنی زور زبردستی اور لالچ کی روش ترک نہیں کرتا اسلامی جمہوریہ ایران کے نزدیک اس کے دعوؤں کی کوئی اہمیت نہیں۔

مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، قالیباف نے کہا کہ امام خمینیؒ نے قانونِ کاپیتولاسیون کی مخالفت کرتے ہوئے امریکہ اور صیہونی حکومت کے درمیان ناقابلِ انقطاع تعلقات کو بے نقاب کیا تھا اور آج یہ تعلق پہلے سے کہیں زیادہ واضح ہوچکا ہے۔

انہوں نے کہا کہ امریکہ نے ایران کے قدرتی وسائل لوٹے اور برطانیہ نے بھی کئی دہائیوں تک ایران کا تیل انتہائی معمولی قیمت پر حاصل کیا۔ ماضی میں اسلامی ممالک برطانیہ اور اس کے کارندوں کے زیرِ تسلط تھے، جبکہ آج وہ امریکہ اور اس کے کارندوں کے چنگل میں ہیں۔

قالیباف نے کہا کہ خطے میں صیہونی حکومت کے مجرمانہ اقدامات اور پابندیوں، ٹارگٹ کلنگ، فوجی کارروائیوں اور اقتصادی دباؤ کے ذریعے ایرانی قوم کے عزم کو توڑنے کی واشنگٹن کی کوششیں اسی تسلط پسندانہ پالیسی کا تسلسل ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ایرانی قوم نے گزشتہ 47 برسوں کے دوران غلامی کی زنجیریں توڑ دی ہیں۔ آج ایران مغرب اور مشرق کی نوآبادی نہیں، بلکہ خطے کی ایک طاقتور اور خودمختار قوت ہے، جس نے اس قوم کے مقدرات پر سامراج اور صیہونیت کے دوبارہ تسلط کے خواب کو ہمیشہ کے لیے ڈراؤنے خواب میں بدل دیا ہے۔

قالیباف نے مزید کہا کہ امریکہ یہ سمجھتا ہے کہ ذرائعِ ابلاغ کے ذریعے دباؤ ڈال کر یا فوجی دھمکیاں دے کر ایرانی قوم کو تسلیم کرنے پر مجبور کیا جاسکتا ہے، لیکن آج کا ایران پہلوی دور کا ایران نہیں، بلکہ خود اعتمادی، دفاعی صلاحیت اور فولادی عزم کا مضبوط قلعہ ہے، جو کسی غیر ملکی طاقت کو اپنی سرزمین کی عزت و وقار کے بارے میں فیصلے کرنے کی اجازت نہیں دے گا۔

انہوں نے کہا کہ ایران اپنی سرزمین کی سالمیت کے خلاف کسی بھی اقدام کا ایسا جواب دینے کے لیے تیار ہے جس کا دشمن تصور بھی نہیں کرسکتے۔ وسیع پیمانے پر جنگ یا ٹارگٹ کلنگ کی دھمکیاں ایرانی قوم کو اپنے حقوق اور مفادات سے دستبردار نہیں کرسکتیں۔

قالیباف نے کہا کہ ایران کے پاس کہنے کے لیے کوئی نئی بات نہیں ہے۔ امریکہ غلط اندازوں اور ایران کے خلاف جنگ کے ذریعے دلدل میں پھنس گیا ہے اور اب امریکیوں کو خود ہی اپنی نجات کے لیے ضروری اقدامات کرنا ہوں گے۔

News ID 1942355

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
  • captcha